راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجرجنرل یوسف احمد الحنائیتے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے خطے کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی ۔آرمی چیف نے کہا کہ
پاکستان اردن کیساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اردن کیساتھ دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔میجرجنرل یوسف احمد نے خطے میں قیام امن کے حوالے سے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجرجنرل یوسف احمدنے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے بھی جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور،دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی ودفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔طرفین نے موجودہ عالمی وعلاقائی سیکورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔میجر جنرل یوسف احمد الحنائیتے نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اوردہشتگردی کیخلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاک وچوبند دستے نے مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا