اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)توہین پارلیمنٹ پر سزا کیلئے نیا قانون بنایا جائیگا ۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قواعد و ضوابط ، استحقاق نے وزارت پارلیمانی امورکو ضروری قانون سازی کی ہدایات جاری کردیں ۔ روزنامہ جنگ میں طاہر خلیل کی
شائع خبر کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس رانا قاسم نون کی زیر صدارت ہوا جس میں ارکان اسمبلی کی جانب سے استحقا ق کی متعد د تحریکوں کو نمٹایا گیا ۔ قومی اسمبلی کے پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ میں تقرریوں ، مراعات سے متعلق حامد حمید ایم این اے کی تحریک کرکٹ بورڈ کی بریفنگ کے بعد نمٹا دی گئی ،نجی ٹی وی چینل (بول ) کے خلاف وفاقی وزیر فواد چوہدری کی تحریک استحقاق عدم حاضری پر موخر ہو گئی ۔ شاہدہ رحمانی ایم این اے کو موبائل فون پر دھمکیاں دینے پر پی ٹی اے ، آئی جی سندھ اور ایف آئی اے کے حکام کی طرف سے کارروائی نہ کرنے کے خلاف تحریک استحقاق پر غور کے دوران قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں تمام متعلقہ افسروں کو طلب کر لیا۔