اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا موقف ہے کہ لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف ہی ہوگا ، تاہم اس حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس خوش آئند ہے ۔
چائے بھی پئیں گے اور پیزا بھی کھائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق نے ہم سے کیاگیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، حکومت کی ہر شعبے میں کارکردگی صفر ہے ، وفاقی حکومت نے اداروں کے لیے معمولی بجٹ رکھا ہے ، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اداروں کی ساکھ پر سوال آرہا ہے ، وفاق کوبتانا چاہتے ہیں سندھ میں بہت اچھے کام ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بجلی کے بریک ڈائون کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، جس کے بعد بریک ڈائون کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز جی ایچ کیو میں ہونیوالی پریس کانفرنس میں جب ایک صحافی سے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پی ڈی ایم والے پنڈی آئے تو انہیں چائے پانی پلائینگے،جس کے جواب میں ملاکنڈ جلسے میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا تھا کہ خود پاپا جونز کے پیزے کھائیں، ہمیں چائے پانی پر ٹرخائیں یہ مہمان نوازی نہیں ۔