اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مچھ میں شہید کان کنوں کی نماز جنازہ ادا، شہدا کی نمازہ جنازہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹائون میں علامہ ہاشم موسوی نے پڑھائی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس کے علاوہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، معاون خصوصی ذلفی بخاری،
وفاقی وزیر علی زیدی اور دیگر نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ ناصر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ ہزارہ ٹائون کے قبرستان میں 10 قبریں کھودی گئی اور تمام میتوں کی تدفین یہیں پر کی جائے گی، تمام میتوں کے شرعی وارث یہیں ہیں۔دریں اثنا سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے ورثا کے مطالبے پر وزیرِ اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ جائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشیداحمد اور دیگر وزرا بھی کوئٹہ جائیں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کوئٹہ میں سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین سے تعزیت کریں گے۔ دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان ہزارہ برادری کے معززین اور علمائے کرام سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کو سانحہ مچھ اور اس سے متعلق تحقیقات میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔