اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے، نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان معاشی میدان میں حاصل کی گئی اہم کامیابیوں سے متعلق عوام کو آگاہ کریں گے۔ جبکہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر بھی قوم
سے بات کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کا پیغام سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔ وزیراعظم اپنے متوقع خطاب میں کورونا کی مجموعی صورتحال اور حکومتی حکمت عملی پر بات کریں گے۔وزیراعظم کی جانب سے اہم اعلانات بھی متوقع ہیں۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان اور وزرا کے درمیان کارکردگی سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ہے۔یہ بات وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ کارکردگی کے معاہدوں پر سہ ماہی بنیادوں پر عمل درآمد کا جائزہ ٹائم لائنز کے مطابق ہونا ضروری ہے۔شہزاد ارباب نے کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی کی سہ ماہی جائزہ رپورٹس وزیرِ اعظم عمران خان کو پیش کی جائیں گی۔وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ نے یہ بھی کہا کہ معاہدے اور جائزہ رپورٹس وزارتوں کو ان کے اہداف حاصل کرنے میں معاون ہوں گے۔