چکوال (مانیٹرنگ +این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے جس طرح اپوزیشن نے فوج پر حملہ کیا اس طرح تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، فوج کیخلاف بھارت کی پروپیگنڈا مشین جیسی زبان استعمال ہورہی ہے،خود کو جمہوریت پسند کہلانے والے کہتے ہیں کہ جمہوری حکومت
گرا دو، ماضی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ملک میں بدترین کرپشن کی،اگر ان چوروں کو کسی حکومت نے این آر او دیا توملک سے غداری کریگی،یہ لوگ مجھے کسی بھی طرح بلیک میل نہیں کرسکتے،اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی تو کیا آپ کسی فورم پر گئے؟،پاکستانی فوج پر حملہ کرنا شروع کردیا،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں صحت کا نظام آئندہ پانچ دس سالوں میں ایسا ہوگا جو امیر ترین ملکوں کا بھی نہیں ہوگا، نجی ہسپتالوں کے لیے کم قیمت پر زمینیں فراہم کریں گے جبکہ پوری کوشش ہے کہ اسکولوں کو ڈی سینٹرلائز کردیں۔ہفتہ کو وزیر اعظم نے چکوال میں 500 بستروں کے اسپتال، لا کالج اور رنگ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور پہلی یونیورسٹی کا افتتاح کیا۔یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں جس طرح سیاسی اپوزیشن جماعتوں نے فوج پر حملہ کیا وہ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا اور وہ زبان استعمال کی جارہی ہے جو بھارت کی پروپیگنڈا مشین پاکستان کے خلاف استعمال کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جنرل (ر) پرویز مشرف پر تنقید کی جاتی تھی لیکن وہ سیاسی شخصیت تھے کیوں کہ وہ ملک کے سربراہ بن چکے تھے۔انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں بٹن آن کرو تو تبدیلی آجائے گی، تبدیلی پہلے دماغ میں پھر زمین پر آتی ہے، چکوال میں اس طرح کے پراجیکٹ لایا جو تبدیلی لائیں گے اور ان سے معاشرہ بدلتا ہے۔