اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے پیغام میں کہا کہ فوج اور ایجنسیوں کے خلاف درجنوں بار ہرزہ سرائی کرنے اور اپنی ہر ناکامی کا ملبہ ایک پیج کی آڑ میں فوج
کے سر تھوپنے والا عمران خان اس پی ڈی ایم کو نشانہ بنا رہا ہے جو ان جرنیلوں کا محاسبہ کر رہی ہے جنہوں نے ووٹ چوری کرکے عوامی مینڈیٹ کو کچلا اور فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا تھا کہ گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا شوشہ حکومت اور سلیکٹرز کو این آراو دلوانے کیلئے ہے، یہ شوشہ ووٹ چوری کرکے عمران خان کو لانے والے چھوڑ رہے ہیں، کسی بھی ڈائیلاگ کا حصہ بننا اپنے مقدس مقصد سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹر پر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی باتوں پر اپنے ردعمل میں واضح کیا کہ ووٹ چوری کرکے عمران خان کو لانے والے اب گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔جس کا مقصد اس نااہل کرپٹ حکومت اور سلیکٹرز کو پی ڈی ایم سے این آراو دلوانا ہے۔ ہماری جدوجہد عوامی مشکلات کے حل اور ووٹ کو عزت دو کیلئے ہے۔ ایسے کسی ڈائیلاگ کا حصہ بننا اپنے مقدس مقصد سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہوگا۔واضح رہے مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماء محمد علی درانی گزشتہ روز سے متحرک ہیں، انہوں نے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے جیل میں ملاقات بھی کی۔