کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام اخبارات و میگزین کو نوٹس جاری کریں کہ وہ اپنے اخبارات اور
میگزین میں قرآن مجید کی آیات اور احادیث شریف شائع نہ کریں، یہ فیصلہ ڈویژنل بینچ نے اخبارات ومیگزینز میں قرآنی آیات کی اشاعت سے متعلق درخواست گزار ناصر شفقت مری کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر سنا یا ،اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے ان کے کونسل سید نذیر آغا ایڈووکیٹ جبکہ حکومت بلوچستان کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شیہک بلوچ عدالت میں پیش ہوئے ،درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتا یا کہ ڈی جی پبلک ریلیشنزنے اخباری مالکان کواخبارات میں قرآنی آیات کی اشاعت سے منع کرنے کے حوالے سے خط لکھ دیا ہے جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتا یا کہ ڈی جی پی آر اس حوالے سے باقاعدگی سے اخبارات کی مانیٹرنگ کریں گے ،درخواست گزار کے وکیل کا ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے بیان پر اطمینان کااظہار کیا ،عدالت نے فیصلہ سنا یا کہ ڈی جی پی آر تمام اخبارات اور میگزین کو نوٹسز جاری کریں کہ وہ اپنے اخبارات میں قرآن مجید کی آیات اور حدیث شریف شائع نہ کریں بلکہ ہدایت کی کہ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اخبارات کی مانیٹرنگ کریں ،بعد ازاں عدالت نے اخبارات میں قرآنی آیات کی اشاعت سے متعلق آئینی درخواست نمٹادی۔