کراچی(این این آئی)ماحول دوست ایندھن یورو5 ڈیزل کا پہلا کارگو کراچی پہنچ گیا، حکومت نے یورو فائیو ڈیزل کی درآمد کیلیے جنوری کی ڈیڈلائن مقرر کی تھی۔پورٹ ذرائع کے مطابق42 ہزار میٹرک ٹن یورو 5 ڈیزل کا پہلا جہاز کراچی
پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ یورو 5 ڈیزل کیلئے حکومت نے جنوری2021 کی ڈیڈلائن رکھی تھی۔واضح رہے کہ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل نے یورو 5 پٹرول کی درآمد شروع کر دی ہے، پی ایس او یورو 5 پٹرول در آمد کرنے والی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے۔ترجمان نے کہا کہ توقع کرتے ہیں نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں بھی یورو فائیو پٹرول کی درآمد شروع کر دیں گی۔انہوں نے کہا پٹرولیم ڈویژن یورو 5 پٹرول اور ڈیزل درآمد کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائنز پہلے ہی جاری کر چکی ہے اور یورو فائیو پٹرول کے لیے ٹیسٹنگ لیب بھی پہلے سے ہی قائم کی جا چکی ہے۔