اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دوست ملک چین نے پاکستان کی کمزور معاشی صورتحال کے پیش نظر ایم ایل ون منصوبے کیلئے چھ ارب ڈالر کے قرض کی فراہمی کے بدلے گارنٹی مانگ لی ۔میڈیا رپورٹس کے کے مطابق 10 روز پہلے ایم ایل ون کے حوالے سے پاکستان اور چین
کی مشترکہ میٹنگ ہوئی تھی جس میں قرض کے عوض اضافی گارنٹی کا تقاضہ کیا گیا۔ ایک سینئر عہدیدار جو کہ اس میٹنگ میں شریک تھا کے مطابق چین نے اضافی گارنٹی کا معاملہ ضرور اٹھایا لیکن اسے میٹنگ منٹس کے اس ڈرافٹ میں شامل نہیں کیا جو اس نے پاکستان کے حوالے کیا ہے، ابھی تک میٹنگ منٹس پر دونوں ممالک نے دستخط بھی نہیں کیے۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے تیسرے رائونڈ میں میں چھ ارب ڈالر کے قرضے کے حوالے سے چین کی پوزیشن مزید واضح ہوئی ہے۔ چین کی طرف سے گارنٹی کا اس لیے تقاضہ کیا گیا ہے کیونکہ پاکستان نے جی 20 ممالک کے ساتھ قرض ریلیف کا معاہدہ کیا ہے۔ جی 20 ممالک نے یہ پیشکش صرف انتہائی غریب ممالک کو کی تھی۔ جی 20 ممالک نے قرض ریلیف کے ساتھ یہ شرط بھی رکھی ہے کہ جو ممالک اس آفر سے فائدہ اٹھائیں گے وہ مہنگے کمرشل قرضے حاصل نہیں کرسکیں گے ، اسی لیے چین نے پاکستان کو مکس قرضہ آفر کیا ۔