اسلام آباد (این این آئی) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کی تحریک پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ رابطے میں ہیں۔نجی ٹی و ی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم استعفا
دیں گے نہ اپوزیشن مستعفی ہو گی،31 جنوری سے پہلے پہلے درمیانی راستہ نکل آئے گا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن فروری کے آخری ہفتے میں کرا دیں گے، اتحادی سینیٹ الیکشن میں وزیر اعظم کے ساتھ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور اسحاق ڈار اس دور حکومت میں واپس نہیں آ سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری کے کیسز کراچی شفٹ ہو گئے تو پیپلز پارٹی کچھ نہیں کرے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ نیب کی ترامیم پر مفتاح اسماعیل کی بات ٹھیک ہے، پارٹیوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز مان گئے تھے صرف عمران خان نہیں مانے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مشیر داخلہ شہزاد اکبر نہیں بلکہ میں دیکھوں گا۔ کرپشن کیمعاملے پر جہاں شہزاد اکبر کو ایف آئی اے کی ضرورت ہوگی انہیں مدد ملے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ اور استعفوں سے کیسے نمٹنا ہے، 6 مہینے تک حکومت استعفوں کو لٹکاسکتی ہے، پنجاب میں پرویزالٰہی بھی ایساہی کریں گے۔