اسلام آباد(آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں تمام وزارتوں کو ڈیڈلائن دی ہے کہ3 ماہ میں کارکردگی بہتر کریں۔ یہ بات وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
کرتے ہوئے کہی ۔علی محمد خان نے کہا کہا کہ کابینہ اجلاس میں مہنگائی سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس کی باتیں لیک کی جاتی ہیں جو افسوسناک بات ہے۔ اجلاس پر صرف وزیراطلاعات شبلی فراز کو ہی اختیار حاصل ہے کہ وہ بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بیوروکریسی سے متعلق جو باتیں ادھر ادھر کی گئیں وہ بے بنیاد ہیں۔علی محمد خان نے کہا کہ مفت کی تنخواہیں ختم اب کام کام اور صرف کام کی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بہت جلد قابو کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ کابینہ اجلاس میں مہنگائی پر اڑھائی گھنٹے طویل بحث ہوئی اور کابینہ ارکان ملک میں جاری مہنگائی پر پھٹ پڑے تھے ۔