لاہور( این این آئی )احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران کواشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا ۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہبازشریف کی بیٹی کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا۔
عدالت کے حکم پر تفتیشی افسر نے شہباز شریف کی بیٹی کے گھر کے باہر اور عدالت کے باہر نوٹس آویزاں کردئیے۔عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر رابعہ عمران کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا ۔دریں اثنااحتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے سے اپنے حکم کاتحریری فیصلہ جاری کردیا ۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ۔تحریری فیصلہ کے مطابق شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کا کوئی جواز نہیں۔ تفتیش کے مطابق شہبازشریف نے فلیٹس کی قسطیں ادا کرنے کے ذرائع نہیں بتائے،شہباز شریف کاروبار کی دستاویزات بھی فراہم نہیں کرسکے جبکہ ریکارڈ کے مطابق شہباز شریف پر جو الزامات لگائے گئے اس کا ریفرنس دائر کیا جاچکا ہے ،شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں بھی فراہم کی جاچکی ہیں اور منی لانڈرنگ ریفرنس کا ٹرائل شروع ہوچکا ہے،شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جاتا ہے ۔