اسلام آباد،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )سی سی پی او لاہور عمر شیخ بھی چھٹی پر چلے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر شیخ 3 روز کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔سی سی پی اورلاہور عمر شیخ نے چھٹی کے لیے آئی جی پنجاب انعام غنی کو درخواست دے دی ہے۔
عمر شیخ نے 21,22 اور 23 اکتوبر کی چھٹی لی ہے۔عمر شیخ کے چھٹی پر جانے کی تاحال وجہ سامنے نہیں آئی۔یاد رہے کہ آئی جی سندھ مشتاق مہر سمیت کئی افسران نے بھی چھٹی پر جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب منہاس نے کیپٹن (ر)صفدر معاملے پر دل برداشتہ ہو کر دو ماہ کی چھٹیوں کے لیے درخواست دے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کے تمام افسران واقعے کے بعد صدمے میں ہیں۔ ایسے ماحول میں کام نہیں کرسکتا۔ذرائع کے مطابق کیپٹن صفدر کی گرفتاری اور رہائی کے معاملے پر آئی جی سمیت سندھ پولیس کے دیگر اعلی افسران چھٹیوں پر جانے پر غور کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ مشتاق مہر دفتر نہیں آئے۔سندھ پولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی)اسپیشل برانچ عمران یعقوب منہاس نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے میں بے جا مداخلت پر دو ماہ کی چھٹی کی درخواست دے دی۔عمران یعقوب منہاس کی جانب
سے انسپکٹر جنرل (آئی جی)سندھ پولیس کو لکھی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف حالیہ مقدمے کے اندراج کے معاملے میں کام میں بے جا مداخلت ہوئی اور پولیس کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا، جس سے پولیس افسران و ملازمین دل برداشتہ اور افسردہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دبائو کے اس ماحول میں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی مشکل ہے اور اس دبائو سے نکلنے کے لیے مجھے 60 روز کی رخصت درکار ہے۔غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی پولیس کے دیگر اعلی افسران نے بھی چھٹی کی درخواستیں لکھی ہیں۔