کراچی(این این آئی)سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے)میں بھرتیوں کے نام پرجعل سازی کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن میں بھرتیوں کے نام پر کی جانے والی جعل سازی کے تحت متعدد شہریوں کو جعلی تقررنامے (اپوائنٹمنٹ لیٹرز)جاری کردیئے گئے ہیں
۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مبینہ بھرتیوں سے متعلق جاری مبینہ لیٹر کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ نامعلوم افراد کی جانب سی اے اے میں مبینہ پیسوں کے عوض جعلی بھرتیوں کے لیٹر جاری کیاگیا تھا جو منظر عام پر آنے کے بعد حقیقت کے برعکس نکلا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ائیرپورٹس منیجرز اور ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے جعلی لیٹر سے متعلق الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔مراسلہ سی اے اے کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے جاری کیا۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی میں بھر تیاں قواعد کے مطابق کی جاتی ہیں، بھر تی کے لیے اخبارات میں تشہیر کی جاتی ہے۔ترجمان سی اے اے سعد بن ایوب نے بتایا کہ بھرتیوں کے لیے ریٹرن ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد شفاف طریقے سے تقرری کی جاتی ہے۔