کراچی ،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی، آن لائن )کچھ دیرپہلے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔مریم نواز کو کراچی پولیس کی جانب سے ہوٹل سے گرفتار کیا گیا ۔مریم نواز کی گرفتاری ایسے موقع پر سامنے آئی ہے
جب گزشتہ روز حزبِ اختلاف کی 11جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے کراچی میں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا تھا اس جلسے کی میزبانی پیپلز پارٹی نے کی تھی تاہم سندھ حکومت نے مریم نواز کی گرفتاری کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔سندھ حکومت کے ترجمان سعید غنی کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی گرفتاری کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے بھی کہا ہے کہ مریم نواز کو گرفتار نہیں کیا گیا۔دوسری جانب سابق گور نر سندھ محمد زبیر کے بیٹے احسن زبیر نے کہا ہے کہ ہمارے گھر پر کوئی چھاپہ نہیں پڑا۔ اپنے بیان میں سابق گورنر محمد زبیر کے بیٹے احسن زبیر نے کہاکہ مریم نواز کی آمد سے پہلے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو گھر بلایا تھا۔احسن زبیر نے کہاکہ چھاپے کی اطلاعات غلط ہیں۔دریں اثناوزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مزار قائد کی دانستہ بے حرمتی کے جرم میں کیپٹن صفدر کے بعد ان کی اہلیہ مریم صفدر کو بھی گرفتار
کیا جائے۔جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مزار قائد کی دانستہ بے حرمتی کا منطقی انجام کیپٹن صفدر اعوان کی گرفتاری تھا قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنا، اپنے والد اور خاندان کا نام ”ووٹ” رکھ لیا ہے اور آج کل وہ ہر جگہ ووٹ کو عزت دو
کی غزلیں پڑھ رہی ہیں۔اپنے آپ کو عزت دینے کا واویلا کرنے والی مزار قائد کی بے توقیری کو باعث اطمینان جان رہی ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پوری قوم منتظر تھی کہ شاید تقریر سے پہلے مریم نواز قائد اعظم کے مزار کی بے حرمتی پر شرمندہ ہو کر معافی مانگیں گی۔
مریم نواز کو مزار قائد پر عاجزی سے پاکستان کو لوٹنے، اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے نظریات پروان چڑھانے پر معافی مانگنی چاہیئے تھی۔مزار قائد پر کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی ہلڑ بازی کے پیچھے ان کی اہلیہ کی پلاننگ اور ذہن کام کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ کئی ہفتے سے پیشن گوئی کر رہا ہوں، میم لیگ کا کھل کر کھیلنا نون اور شین لیگ کا ستیاناس کر دے گا۔ عوام دیکھ رہی ہے، ہر آنے والے دن کے ساتھ میم لیگ آل شریف اور ن لیگ کے لیے مزید رسوائی لے کر آ رہی ہے۔