اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کی نوازشریف کو وطن واپس لانے کی کوششوں کو شدید دھچکا، برطانوی حکومت نے نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروانے سے انکار کردیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکام نے کہا ہے کہ وارنٹس کی تعمیل کروانا ان کا کام نہیں ہے۔
پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرینگے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی کمیشن کے دوعہدیدار ڈن ریون اسٹریٹ پر10منٹ تک انتظار کرتے رہے۔لیکن ہائی کمیشن کے عہدیدار ایون فیلڈ کے استقبالیہ پر پہنچے بغیر ہی واپس چلے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ دفتر خارجہ کے توسط سے برطانوی حکومت سے وارنٹس کی تعمیل میں مدد کی درخواست کی گئی تھی۔ جس پر برطانوی حکومت نے کہا کہ وہ پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کریگی۔وارنٹس کی تعمیل ان کا کام ہے نہ ہی مینڈیٹ ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان ہائی کمیشن کے پاس نوازشریف کے وارنٹ کی تعمیل کے محدود آپشن ہیں۔پاکستانی ہائی کمیشن رائل میل یا اپنے عملے کے ذریعے وارنٹس کی تعمیل کرا سکتا ہے۔ دونوں صورتوں میں نوازشریف پرانحصار ہوگا کہ وہ رضاکارانہ طور پر دستخط کریں۔ پاکستانی ہائی کمیشن اس صورتحال سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کرچکا ہے۔