لاہور( این این آئی)قومی احتساب بیورو ( نیب) لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں محکمہ ایکسائز کے گریڈ 16کے سابق ملازم کی گرفتاری کیلئے چھاپے کے دوران گھر سے 33کروڑوں روپے نقدی اور پرائزبانڈز کی صورت میں برآمد کر لئے ۔
نیب لاہور کی ملزم خواجہ وسیم کے خلاف جاری آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آ ئی ہے ۔محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن لاہور کے گریڈ 16 کے سابقہ ملازم کے گھر سے 33 کروڑ کیش اور پرائز بانڈز کی صورت میں برآمد کر لئے گئے جبکہ ملزم خواجہ وسیم کو گرفتار کر لیا گیا۔تحقیقات میں ملزم کے نام 22 کروڑسے زائد مالیت کے اثاثہ جات ہونے کے شواہد موصول ہوئے جن کے ذرائع تاحال ملزم ثابت نہیں کر سکا۔ تحقیقات میں ملزم خواجہ وسیم کی اہلیہ کے نام 19 کروڑ سے زائد کیش و پرائز بانڈز ہونے کے شواہد بھی حاصل ہوئے۔ ملزم خواجہ وسیم نے 2018 میں ایمنسٹی سکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کروڑوں روپے وائٹ کئے حالانکہ وہ سکیم سے فائدہ حاصل کرنے کا اہل ہی نہ تھا۔تحقیقات میں ملزم کے بینک اکائونٹس میں 2013 سے 2017 کے دوران 22 کروڑسے زائد سرمایہ بیرون ملک سے منتقل ہونے کا انکشاف ہوا ۔ملزم کی جانب سے بیرون ملک سے منتقل ہونیوالے سرمایہ کے ذرائع تاحال ثابت نہ کئے جا سکے۔ نیب نے ملزم کی گرفتاری کے بعد اسے احتساب عدالت میں پیش کر کے 24 ستمبر تک جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔