اسلام آباد (این این آئی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کیلئے سہہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ ٹیرف کی مد میں 1.09 روپے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دیدی جبکہ روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی مالی ضروریاتِ پوری کرنے کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی گئی ۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کر دی گئی، اجلاس میں کے الیکٹرک کیلئے 2016 تا 2019 تک کے عرصے کیلئے سہہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت کے الیکٹرک بجلی کی قیمتوں میں 1.09 روپے یونٹ کے حساب سے اضافی رقم وصول کرے گی، کے الیکٹرک صارفین آئندہ ماہ سے بلوں کی مد میں اضافی رقم ادا کریں گے، ای سی سی نے کے وفاقی حکومت کی جانب سے الیکٹرک کو 4 ارب 70 کروڑ روپے سبسڈی کی مد میں جاری کرنے کی بھی منظوری دیدی، کے الیکٹرک کیلئے سبسڈی مالی سال 2020ـ21 کے منظورشدہ بجٹ سے جاری کئے جائیں گے، اجلاس میں روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی مالی ضروریاتِ پوری کرنے کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی گئی، ایل پی جی پر پٹرولیم لیوی کے نرخوں کا تعین نہ ہو سکا، سمری آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کی جائیگی۔