کراچی(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ ہائی کورٹ نے سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ سمیت 10 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔جنہیں بعدازاں گرفتار کرلیا گیا، دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کو تقویت ملتی ہے، ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔زمین کے غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کے دیگر ملزمان میں فضل الرحمان، وسیم، ندیم، قادر کھوکھر، صبیحہ اسلام اور دیگر شامل ہیں۔ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ روشن علی شیخ اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر ہوچکا ہے۔ کے ایم سی اور بورڈ آف ریونیو کی ملی بھگت سے ذبیحہ خانہ کی 265 ایکڑ اراضی غیر قانونی طور الاٹ کی گئی جبکہ ملزمان نے لانڈھی میں اسمال کارٹیج انڈسٹری کو زمین الاٹ کی تھی۔