لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے قومی احتساب بیورو( نیب)کی جانب سے طلبی کے نوٹس پر خود پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ۔ذرائع کے مطابق مریم نواز نے نیب کی جانب سے اراضی کیس کی تحقیقات کیلئے 11اگست کو طلبی کے نوٹس کے بعد اپنے والد سمیت خاندان کے دیگر افراد ، پارٹی کی سینئر قیادت اور وکلاء سے تفصیلی مشاورت کی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ مریم نواز خود نیب کے سامنے پیش ہوں گی ۔ذرائع کے مطابق
مریم نواز پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے قافلے میں جاتی امرا ء رائیونڈ سے نیب آفس ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں گی ۔ مریم نواز کی نیب دفتر میں موجودگی تک رہنما اور کارکنان نیب کے دفتر کے باہر موجود رہیں گے اور ان کی واپسی پر جاتی امراء تک ساتھ آئیں گے ۔نیب نے مریم نواز کو 11 اگست کو دن 11 بجے طلب کیا ہوا ہے ،نیب مریم نواز سے200 کنال اراضی کے حوالے تحقیقات کر رہا ہے اور انہیں تمام دستاویزات ساتھ لانے کے لئے کہا گیا ہے ۔