اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کو ختم کر دیا جائے ورنہ یہ پاکستان کو ختم کر دے گا ماضی میں اسٹیبلشمنٹ کے لیے خلائی مخلوق یا محکمہ زراعت کے الفاظ استعمال ہوتے تھے اب تو لوگ فوج پر براہ راست تنقید کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اپوزیشن جماعتوں کے حوالے سے کچھ تحفظات ہیں وہ جائز بھی ہو سکتے ہیں ان کے ساتھ بیٹھ کر اس پر بات ہو سکتی ہے جہاں تک انھوں نے کہا کہ اپوزیشن سہولت کار کے طور پر کام کر رہی ہے اس میں کوئی صداقت نہیں شاہد خاقان عباسی نے نیب کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب نے تیرہ ماہ قبل مجھے گرفتار کیا ابھی تک مجھ پر ریفرنس بھی دائر نہیں ہو سکا نیب ہر پیشی پر ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا تو کہہ دیتا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مجھ اور میرے بیٹے کے حوالے سے نیب من گھڑت الزامات لگاتا ہے میں نیب چیئرمین سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ میں بنک اکائونٹ کے متعلق تمام ثبوت دے چکا ہوں اگر کوئی اور ابہام تھا تو مجھ سے پوچھ لیتے انھوں نے کہا کہ نیب کو فی الفور ختم کیا جائے بصورت دیگر یہ پاکستان کو ختم کر دے گا ۔