لاہور (آن لائن) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی عدالت نے کرونا وائرس کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف کارروائی کے لئے دائر کی گئی درخواست پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ آفس کا اعتراض ختم ہونے کے بعد درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی ہے۔
درخواست کی منظوری یا نہ مسترد ہونے کے حوالے سے ہونے والی سماعت پر عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کون ہے جس پر درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ وہ اے سی مکینک ہے اور اس کا نام سید اظہر عباس ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جائو جا کر اپنی روٹی روزی کمائو عدالت میں کیوں آ گئے ہو؟۔ درخواست گزار سید اظہر عباس نے عدالت کو بتایا کہ وہ اشرف المخلوقات ہے اس کی بھی کوئی ذمہ داری ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس کورونا سے متعلق کوئی تحقیق نہیں ہے۔ جس پر عدالت نے درخواست گزار پر واضح کیا کہ اگر وہ سماعت میں اپنے موقف کو ثابت نہ کرسکے تو انہیں بھاری جرمانہ ہوگا جس پر عدالت نے درخواست پر سماعت کی منظوری دیتے ہوئے سماعت عیدالاضحی کے بعد تک کے لئے ملتوی کردی۔