لاہور( این این آئی، آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صد و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آ گیا۔ پارٹی کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم اور قوم کی دعائوں سے شہبازشریف کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے ڈاکٹرز نے تین ہفتے تک اینٹی باڈیز ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی ہے ، اینٹی باڈیز ٹیسٹ کا رزلٹ آنے تک ڈاکٹرز نے انہیں سخت احتیاط جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثنا وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں،اتوار کے روز اپنے ٹوئٹ پیغام میں صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ن لیگ کے صدرجس دھج سے ریلیف لینے عدالت گئے، امید ہے نیب میں بھی حاضر ہونگے۔شہباز شریف کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، لیگی صدر ڈرنا چھوڑیں اور فرنٹ فٹ پر آ کر اپنا کردار ادا کریں۔