اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی ہارون رشید کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان اور گڈز ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ اچھا اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اب ٹھیک کام کر رہے ہیں لیکن پھر بھی ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔
ماضی میں حکومتوں نے صحت اور تعلیم پر کوئی کام نہیں کیا۔عمران خان کو چاہیے تھا اپوزیشن کی بات سنتے۔موجودہ اقدامات اور وزیراعظم کی شش و پنج کے حوالے سے ان کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات ٹھیک نہیں کیونکہ انہیں عثمان بزدار، زلفی بخاری اور علی زیدی کو تبدیل کرنے کا کئی بار کہا گیا لیکن وہ نہیں مانے۔ہارون رشید نے مزید کہا کہ سب سے بڑا مرض جہالت ہے،کورونا وائرس کا مقابلہ تنہائی اور گھر پررہ کر ہی کیا جاسکتا ہے۔کورونا وائرس سازش کے حوالے سے دو تین مفروضے ہیں کہ اس کو برطانیہ،امریکہ اور کینیڈا نے مل کر بنایا لیکن یہ طے کرنا سائنسدانوں کا کام ہے۔انہوں نے مزید کہا فرض کریں اگر اس میں کوئی سچائی بھی ہے تو امریکہ اور برطانیہ نے اس کو کیوں غیر سنجیدگی سے لیا، مجھے تو اس میں سچائی نظر نہیں آتی ، اگر یہ امریکہ اور برطانیہ کی سازش ہے تو کیا ان کی سول سوسائٹی انہیں معاف کرے گی۔