لاہور( این این آئی )وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ اگر حکومت سخت فیصلے نہ کرتی تو معیشت کابہت برا حال ہوتا ،حکومت کے سخت فیصلوں کی وجہ سے کچھ مہنگائی ہوئی تاہم اب معیشت میں استحکام آیاہے اور اس کے فوائد عام عوام تک پہنچانے کا کام شروع کر دیا گیا ،سخت فیصلے نہ کرتے تو اس سے بڑی تباہی آتی ۔
ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر کافی حد تک عمل کر دیا گیا ہے،2020 میں باقی 13 شرائط پر مکمل عملدرآمد کر لیا جائے گا،نواز شریف کی ملک واپسی کے معاملے پر جو بھی ہو گا قانون کے مطابق ہو گاہم کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حماد اظہر نے کہا کہ آج تجارتی خسارے میں 70 فیصد کمی آ چکی ہے ،معیشت کو آئی سی یو سے نکال کر پہلے جنرل وارڈ میں شفٹ کیا اور اب اسے ڈسچارج کیا جا رہا ہے ،عالمی دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کر رہی ہے ،امریکی صدر نے بھارت میں بیٹھ کر پاکستان کے کردار کی ستائش کی ،امریکہ اور افغان طالبان میں معاہدہ پاکستان کے عملی تعاون سے ممکن ہوا،اس معاہدے سے عمران خان کا 10 سال پرانا موقف درست ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سخت فیصلے کرنا پڑے جس کی وجہ سے کچھ مہنگائی ہوئی ،اگر سخت فیصلے نہ کرتے تو ملکی معیشت کا بہت زیادہ برا حال ہوتا،مہنگائی کم کرنا اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے بعد ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر کافی حد تک عمل کر دیا گیا ہے،2020 میں باقی 13 شرائط پر مکمل عملدرآمد کر لیا جائے گا۔
ملکی معیشت میں مزید بھی بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک خود مختار ادارہ ہے، ماضی میں اس کی آزادی پر سمجھوتہ کیا گیا،ہم نے اسٹیٹ بنک کو آزاد کیاہے ،شرح سود میں بھی جلد کمی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں غریب رہتے تھے وہ گزشتہ چار دہائیوں سے سہولتوں سے محروم تھے لیکن موجودہ حکومت ان علاقوں کو ترجیح دے رہی ہے اور ان ان علاقوں کا نقشہ بدلا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کہتی تھی کہ پی ٹی آئی کی حکومت ایک ماہ میں چلی جائے گی لیکن ان کے خواب چکنا چور ہو گئے ۔
پہلے دو خاندانوں کی ملک پر حکومت تھی، اب لوگوں میں شعور آ چکا ہے ،اب سمدھی ،بھانجے بھتیجوں کی سیاست کا وقت گیا اب لوگ دو خاندانوں کا غلام نہیں بننا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ملک واپسی کے معاملے پر جو بھی ہو گا قانون کے مطابق ہو گاہم کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے ،قانون اپنا راستہ خود بنائے گا،ہم چاہتے ہیں کہ قانون امیر اور غریب سب کے لئے برابر ہو۔ حماد اظہر نے کہا کہ حکومت کا نیب کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، ہم نیب کو ڈکٹیٹ نہیں کرتے بلکہ یہ خود مختار ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کرونا وائرس کے متعلق عوام میں شعور پیدا کرے ،کرونا وائرس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ،چین میں بھی کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد کم ہونا شروع ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے تجارت معطل کی تو وقتی طور پر سبزیاں مہنگی ہوئیں،اب مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے۔ جب حکومت سنبھالی تو سخت فیصلے کرنا پڑے کیونکہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،کوئی بھی حکومت سخت فیصلے مجبوری میں کرتی ہے ،دنیا میں ملک کا امیج بہتر ہوا ہے ،آج دنیا عمران خان کے بیانیے کو تسلیم کر رہی ہے ،ہماری خارجہ پالیسی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔