اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وہ پاکستانی عمرہ زائرین جنہوں نے ویزہ لگوایا ہوا ہے لیکن پابندی کی وجہ سے سعودی عرب نہیں جاپائیں گے انہیں ہر ممکن طریقے سے تعاون فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کا اعلان ،عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین اپنے پرانے ویزے پر پابندی ہٹنے کے بعد عمرہ کی ادائیگی کیلئے جاسکتے ہیں یا انہیں بنا فیس کے نیا ویزہ جاری کردیا جائے گا۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی پابندی کے باعث جو عمرہ زائرین سعودی عرب نہیں جاپائیں انہیں پی آئی اے کے دفاتر یا ایجنٹوں سے مکمل ریفنڈ کیا جائے گا۔ سعودی ایئر لائنز کی جانب سے بھی عمرہ زائرین کیلئے مکمل ریفنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔یادرہے کہ سعودی عرب نے جمعرات کے روز کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر عمرہ زائرین کے سفر پر پابندی عائد کردی تھی۔