اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے ،پاکستان مسئلہ کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کریگا، ہماری مسلح افواج نے دو بھارتی طیارے گرا کر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، پاکستان پلوامہ واقعہ میں ملوث نہیں،بھارت پاکستان میں حملوں میں ملوث ہے، بھارت جعلی فلیگ آپریشن سے باز رہے،بھارت میں اقلیتیں دبائو کا شکار ہیں
اور انہیں حقوق حاصل نہیں ،پاکستان دنیا بھر میں قلیتوں کے حقوق کا علمبردار ہے، پاکستان طالبان اور افغانستان کے درمیان امن معاہدے میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ جمعرات کو یہاںشدت پسند بھارت اور ذمہ دار پاکستان کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت میں سکھوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کی زند گیاں اجیرن کر دی گئی ہیں، آر ایس ایس کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری تحریک اور جمہوری اقدار کی بنیاد پر وجود میں آیا،کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا میں امن کے فروغ کے نظریئے کے تحت وجود میںآیا، بھارت اقوام متحدہ کے منشور کی بھی دھجیاں اڑاتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے میں کامیابی پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے گرا کر بھارت کی عددی اکثریت کے زعم کو خاک میں ملا دیا اور پاکستان نے ثابت کیا کہ چھوٹا ملک ہونے کے باوجود ہماری دفاعی صلاحیت کئی گنا بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سری لنکا، نیپال اور دوسرے چھوٹے ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں بھی مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی حالیہ اندرونی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال خوشنونت سنگھ کی 2003ء میں شائع ہونے والے کتاب بھارت کا خاتمہ میں بتائی گی
صورتحال سے مماثلت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھارت کی اندرونی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں قلیتوں کے حقوق کا علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں دبائو کا شکار ہیں۔ بھارت کی اندرونی صورتحال پر دکھ ہوتا ہے کیونکہ بھارت میں اقلیتوں کو ان کے حقوق حاصل نہیں۔ انہوںنے کہاکہ مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے پارلیمان میں ان کی نمائندگی بہت کم ہے۔
وہ اپنے حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتے ۔ بھارت نے خطے میں امن کی تمام کوششوں کو ضائع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال سے بھارت نے سارک سربراہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن مسئلہ کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار مغربی معاشرہ نے بے سہارا مہاجرین پر اپنے دروازے بند کر دیئے،
پاکستان نے مشکل حالات میں 51 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی اور اس وقت بھی 26 لاکھ افغان مہاجرین میں پاکستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان طالبان اور افغانستان کے درمیان امن معاہدے میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے جو دو قومی نظریہ پیش کیا اس کی مخالفت کرنے والے آج اسے تسلیم کررہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ
بھارت نے 1974ء میں ایٹمی دھماکے کئے اور پاکستان نے 1998ء میں ایٹمی دھماکے کر کے اپنے ملک کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندتوا نظریئے پر مبنی بھارتی حکومت مسلمانوں کی نشل کشی کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں سمجھوتہ ایکسپریس کے مجرموں کو رہا کر دیا گیا۔
صدر ٹرمپ کے دورہ کے موقع پر دلی میں مسلمانوں کے قتل عام سے بھارت کا ظالمانہ چہرہ بے نقاب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی فلیگ آپریشن سے باز رہے،پاکستان پلوامہ واقعہ میں ملوث نہیںجبکہ بھارت پاکستان میں حملوں میں ملوث ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عظیم ملک بن کر ابھر رہا ہے۔