اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے ابتدائی طور پر زائرین کی مکہ اور مدینہ میں آمد پر پابندی عائد کر دی تاکہ مملکت میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔
.سعودی عرب کی وزارت خارجہ امور نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” وہ کچھ عرصہ سے کرونا وائرس کی پیشرفت پر نظر رکھے ہوئے تھے“ ۔ بیان میں کہا گیا کہ وائرس سے متاثرہ ممالک کو سپورٹ کرنے کیلئے ریاست منظور شدہ بین الاقوامی معیار ات کو زائرین پر عارضی پابندی عائد کرتے ہوئے لاگو کر رہی ہے ۔سعودی وزارت خارجہ کا کہناتھا کہ ریاست میں عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے ۔وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں سیاحتی ویزے پر سفر کرنے والوں کے داخلے کو بھی معطل کر دیا گیاہے ، اگر وہ ان ممالک سے آ رہے ہیں جہاں کرونا وائرس پھیل رہا ہے ۔سعودی عرب نے یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ اقدامات عارضی ہیں ۔سعودی وزارت خارجہ نے شہریوں کیلئے پیغام جاری کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ ایسے ممالک کے سفر سے گریز کریں جہاں کرونا وائرس پھیل رہا ہے ، ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ ہم سب پر رحم کرے ۔