اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکائونٹس کیس کے مرکزی ملزم اومنی گروپ عبدالغنی مجید کی تمام ریفرنسز میں ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر عبدالغنی مجید کو رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔
بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر اور علاج کے لیے عبدالغنی مجید کی ضمانت منظور کی ۔ عدالت نے عبدالغنی کو مزید پانچ ریفرنسز میں 10 کروڑ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم ۔ عدالت نے نیب کی عبدالغنی مجید کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا مسترد کر دی ۔ ہائی کورٹ نے کہاکہ عبدالغنی مجید کو صرف علاج کے لیے ضمانت پر رہا کررہے ہیں، میرٹ کا تعلق نہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ اگر عبدالغنی مجید علاج کے علاوہ کہیں اور منتقل ہوا تو نیب ضمانت خارج کی درخواست دے۔ سماعت کے دور ان جیل حکام کی رپورٹ میں کہاگیاکہ عبدالغنی مجید کو جیل میں ہرممکن طبی سہولت دی، عبدالغنی مجید کے علاج کے لیے ٹیسٹ شوکت خانم ہسپتال بھی بھیجے۔وکیل نے کہاکہ عبدالغنی مجید کا علاج آغا خان اسپتال سے کرانا ہے۔بعد ازاں عدالت نے مرکزی ملزم اومنی گروپ عبدالغنی مجید کی تمام ریفرنسز میں ضمانت منظور کرلی ۔