لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کے بیرون ملک جانے میں کابینہ رکاوٹ ہے بلکہ ان کے اپنے گھر کے بھی مسئلے مسائل ہیں ،بلاول بھٹو کو اپنا صدقہ دیتے رہنا چاہیے ، مولانا فضل الرحمان اگر جلسہ کرنے آئے تو حلوے اور سموسوں سے تواضع کریں گے لیکن اگر دھرنا دینے آئے تو دھر لئے جائیں گے اور میں پالیسی بیان کر چکا ہوں ۔
آٹے کا بحران ساز ش تھا تاہم چینی کا بحران تھا ، عمران خان اس میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر رہا ہے ، مہنگائی ہماری اپوزیشن اور سوتن ہے ، اگر مہنگائی پر قابو نہ پایا تو لوگ ہمارے رشتہ دار نہیں ،کل پیر سے لاہور ، گوجرانوالہ کے درمیان شٹل ٹرین چلانے جارہے ہیں جس کا کرایہ 100 روپے ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عمران خان کی حکومت میں عوام کو سہولیات ملیںاور اس کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، جہاں ہم نئی کوچز لائیں گے وہیں اپنی پرانی ٹرینوں کی بھی تزئین و آرائش کریں گے ،سپریم کورٹ نے جو حکم دیا ہے اس کی بھی تکمیل کرنے جا رہے ہیں،پسنجر اور فریٹ میں ہم نے آمدنی کے مقرر ہ ہدف سے زیادہ کمایا ہے ،ہم پاکستان ریلوے کا خسارہ اس سال بھی کم کریں گے ۔ریلوے کی389ایکڑی اراضی خالی کرائی ہے جس کی مالیت 50ارب بنتی ہے ، کراچی سرکلر کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کریں گے۔ لاہور،گوجرانوالہ شٹل ٹرین میں گرمیوں میں اے سی کوچ بھی لگائیں گے ،اپریل کے آخر میں کوچز کو نئی شکل دینے جارہے ہیں،15انجنوں کے پرزوں کے فنڈز مل گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کوئی لڑائی نہیں کرے گی ،دونوں بس ٹی وی پروگرام کریں گی ، مریم کے باہر جانے کے راستے میں کابینہ رکاوٹ ہے ،کابینہ نے کہا ہے کہ مریم کو باہر نہیں جانے دینا،مریم اگر باہر گئیں تو (ن) لیگ کی سیاست بھی بدلتی ہے ،میرے فرینڈلی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو اپنی سیاست کے حوالے سے سوچنا ہو گا جن کیلئے بھی مسائل ہوں گے ، مریم کے جانے سے ا ن کے گھر کے بھی مسئلے مسائل ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اتنے مہینے ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک علاج کے لئے عملی کوئی کام نہیں ہوا۔تحریک انصاف میںاس حوالے سے سخت مزاحمت ہے کہ چور ، ڈاکو اور لٹیرے باہر گلچھڑے ، ہیٹ اور جیکٹیں پہن کر عیاشی نہ کرتے پھریں۔انہوں نے بلاول بھٹو کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو کو اپنا صدقہ دیتے رہنا چاہیے ۔ انہوں نے آٹے اور چینی کے بحران کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ آٹے کا بحران سازش تھی تاہم چینی کا بحران تھا ۔
عمران خان ان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر رہا ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایم کیو ایم شریف پارٹی ہے ، ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ ہمارے ساتھ کون نہیں ہے ۔اگر مولانا فضل الرحمن دھرنا دینے آئے تو دھر لیے جائیں گے ، اگر وہ جلسہ کرتے ہیں تو جی جان سے آئیں ان کی حلوے ، سموسوں سے تواضع کریں گے لیکن اگر وہ دھرنا دینے آئے تو پالیسی بیان کر چکا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہماری اپوزیشن اور سوتن ہے ،اگر ہم نے مہنگائی کو کنٹرول نا کیا تو لوگ ہمارے رشتے دار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو آزادی دینے سے نہیں روک سکتی ،ہم نے جنگ تو نہیں کرنی مگر جدوجہد آزادی کشمیر کو سپورٹ کرنا ہے ۔بھارت میں مسلمان بچیاں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہماری معاشی ٹیم پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے مثبت کوششیں کر رہی ہے ،ہم چین کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دوسری وزارتوں کی طرح حکومت ریلوے کی پنشن بھی اپنے ذمے لے ۔