اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہفتہ کو پاکستان کی جانب سے بھارتی سینئر سفارتکار کو خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان نے کہاکہ 14 فروری کو ایل او سی کے نیزہ پیر اور رکھ چکری سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 13 سالہ عابدہ شدید زخمی ہوئی، بھارتی فورسز ایل او سی پر مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت کی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے،بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ترجمان نے کہاکہ بھارت اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے،شہری آباد کو نشانہ بنانا 2003 کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔ترجمان نے کہاکہ نہتے شہریوں کو بے گناہ نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کے بھی منافی ہے ، اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو ایل او سی کی معائنے کی اجازت دی جائے ۔