لاہور( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے بعد سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رہائشگاہ سے پناہ ختم کو ختم کردیا گیا ، ملحقہ پارک میں کنٹینر لگا کر عارضی پناہ گاہ قائم کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اسحاق ڈار کی رہائشگاہ میں قائم پناہ گاہ کو ختم کر دیا ہے اور رہائشگاہ سے ملحقہ پارک میں کنٹینر لگا کر عارضی پناہ گاہ قائم کر دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ عارضی پناہ گاہ میں 18افراد کے رہنے کی گنجائش ہے جبکہ عارضی بیت الخلاء بھی بنائے گئے ہیں ۔ دوسری جانب پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ پارک میں کنٹینر رکھنے کے لئے باضابطہ کوئی اجازت اور نہ ہی این او سی لیا گیا ۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ پارک میں خواتین واک کرتی ہیں جبکہ بچے کھیل کود کے لئے آتے ہیں اس لئے مطالبہ ہے کہ یہاں سے عارضی رہائشگاہ کو ختم کیاجائے تاکہ آبادی محفوظ ہو سکے ۔