اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی لندن میں موجودگی کی جعلی خبریں ٹوئیٹر کے ذریعے سوشل میڈیا پر طوفان کی طرح پھیل گئیں، جس سے شدید قیاس آرائیاں اور پاکستان میں جاری سیاسی صورت حال اور مستقبل کی سیاست کے بارے میں مباحثے شروع ہو گئے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق کچھ ٹوئیٹر اکاؤنٹس نے دعویٰ کیا کہ آرمی چیف اور سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور لندن میں ہیں اور اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں۔یہ ٹوئیٹ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پر ان کے دورے کے مقصد کے حوالے سے مباحثے شروع ہو گئے۔ٹوئیٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ملٹری قیادت ایک ایسے ہوٹل میں قیام کر رہی ہے جو کہ ایون فیلڈ فلیٹس سے قدموں کےفاصلے پر ہے، جہاں نواز شریف اپنے بیٹوں حسن اور حسین نواز کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔دوسری جانب حکومت پاکستان اور پی ایم ایل این میں ملٹی پل ذرائع سے معلوم ہوا کہ یہ ٹوئیٹس بالکل غلط ہیں۔قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف اور سابق ڈی جی آئی ایس پی آر دونوں ہی کئی مہینوں سے لندن نہیں آئے ہیں۔