اسلام آباد(جنگ نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا پانچ روزہ اجلاس 16 فروری سے پیرس میں شروع ہو گا جس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے یا نکالنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔جیونیوز کے مطابق رواں ماہ کی 16 تاریخ کو دنیا کے 39 ممالک پیرس میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے مزید 4 ممالک کی حمایت درکار ہے۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے پانچ روزہ اجلاس میں
اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 اہداف پر کتنی پیشرفت کی؟ذرائع کے مطابق پاکستان کی اب تک کی کارکردگی تسلی بخش رہی اور بیشتر اہداف پر عملدرآمد کویقینی بنایا گیا۔پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا۔ذرائع کے مطابق چین، انڈونیشیا، ملائیشیا، ترکی، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کے بھرپور حامی ہیں۔