راولپنڈی (این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کے خطے پر منفی اثرات پڑیں گے اور ایسے بیانات خطے کے امن وامان کے لیے بھی نقصان دہ ہیں،
افواج پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیارہیں جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ کشمیریوں کی جدوجہدکامیاب ہوگی، بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو نہیں دباسکتا اور قابض بھارتی فوج کشمیریوں کو حق خودارادیت سے نہیں روک سکتی، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت لے کررہیں گے۔ جمعرات کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق جمعرات کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں ملکی سیکیورٹی،بارڈرکی صورتحال پرخصوصی غور اور بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے آپریشن ردالفساد کا بھی جائزہ لیا۔کور کمانڈر ز نے کہاکہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔شرکاء نے کہاکہ بھارتی قیادت کے اشتعال انگیزبیانات کے خطے پرمنفی اثرات پڑیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیاکہ بھارتی ظلم وجبرکشمیریوں کے حق خودارادیت کونہیں دباسکتا،کشمیریوں کی جدوجہدکامیاب ہوگی۔ آرمی چیف نے کہاکہ کشمیری یواین قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت لیکررہیں گے،کشمیریوں کوحق خودارادیت سے قابض بھارتی فوج نہیں روک سکتی۔