اسلام آباد(سی پی پی)سابق صدر پرویز مشرف کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی درخواست رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کر واپس کر دی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو سنگین غداری کا مرتکب قرار دیتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت انہیں سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا جس کے بعد سابق صدر فیصلے کے خلاف اعلی عدلیہ سے رجوع کیا تھا۔
سابق صدر کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل پر رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا دیا ہے، درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی گئی ہے۔درخواست میں اعتراض لگایا گیا ہے کہ خصوصی عدالت نے سابق صدر مشرف کو سزائے موت سنائی تھی مجرم کے سرینڈر کرنے تک اپیل ٹیک اپ نہیں ہو سکتی۔دوسری طرف سابق صدر کے وکیل سلمان صفدر نے اعتراض کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔