اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت کے سینئر رہنما کامل علی آغا نے کہا ہے کہ عمران خان کا نام لے کر رشوت وصول کی جا رہی ہے اور بڑھ چڑھ کر لی جا رہی ہے،ہم دوسری جماعتوں کی طرح ذاتیات کے چکر میں نہیں جاتے۔
ہمارا ایک وزارت کا مسئلہ تھا وہ بھی واپس لے لی، ایک انٹرویومیں کامل علی آغا نے کہا کہ ہم دوسری جماعتوں کی طرح ذاتیات کے چکر میں نہیں جاتے، ہمارا ایک وزارت کا مسئلہ تھا وہ بھی واپس لے لی، ہم نے کہا ہم وزارت نہیں لیتے عام آدمی کے مسائل حل ہوں۔کامل علی آغا نے کہا کہ تبدیلی کا مطلب مہنگائی، بیروزگاری اور خراب طرز حکمرانی کاخاتمہ ہے، ہمارے تو تحفظات ہی یہ ہیں کہ کرپشن بڑھتی جا رہی ہے، مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے اور امن و امان کا برا حال ہے۔رہنما ق لیگ نے کہا کہ کرپشن بڑھ گئی ہے، رشوت میں 5 ہزار کی آفر پر 50 ہزار مانگے جاتے ہیں، عمران خان کا نام لے کر رشوت وصول کی جا رہی ہے اور بڑھ چڑھ کر لی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رشوت لینے والے کہتے ہیں تبدیلی آگئی ہے اس لیے رشوت کا ریٹ بھی بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت فلاح و بہبود پر توجہ دے اور ہمارے ساتھ معاہدے پر عمل کیا جائے، پالیسی سازی میں اتحادیوں سے مشاورت شامل ہو، عمران خان کو اتحادی اتنے ہی عزیز ہوں جتنے پی ٹی آئی کے ارکان ہیں۔رہنما ق لیگ نے کہا کہ اتحادیوں کو اتنا ہی ترقیاتی فنڈز ملے جتنا پی ٹی آئی اراکین کو ملتا ہے، ہم سے ضلعی اور صوبائی ادارہ جاتی کمیٹیوں کی نمائندگی دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
پنجاب اور وفاق میں دو دو وزارتوں کا وعدہ کیا گیا تھا۔کامل علی آغا نے کہا کہ ہمیں صوبے میں دو وزارتیں ملیں تاہم تیسری بار اْن کے سیکریٹری بھی تبدیل کیے گئے جب کہ وفاق میں وزارت دی ہی نہیں گئی، اب ہم کہتے ہیں کہ 10 وزارتیں بھی دیں تو ہم نہیں لیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کے مسائل حل کرے ورنہ الیکشن میں انڈے اور ڈنڈے ہمیں اکیلے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو بھی ساتھ پڑیں گے۔