اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالے سے اپوزیشن سے رابطوں کا ٹاسک وزیر دفاع پرویز خٹک کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی دی گئی مدت کے اندر قانون سازی کا عمل کیا جائے،
قانون سازی کے دوران ماحول سازگار بنایا جائے،الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع بارے قانون سازی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بارے بھی مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے قانون سازی کا عمل فوری شروع کیا جائے۔ وزیراعظم نے وزیر دفاع کو اپوزیشن اور اتحادیوں کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔ وزیراعظم نے وزیر دفاع کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر قانون سازی کی راہ ہموار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی دی گئی مدت کے اندر قانون سازی کا عمل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو قانون سازی کے دوران ماحول سازگار بنانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بارے اپوزیشن سے مل کر فوری فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔