واشنگٹن (آن لائن) امریکی محکمہ خزانہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں دنیا بھر سے 18افراد پر پابندی عائد کر دی ہے، نقیب اللہ محسود قتل کیس کے مرکزی کردار سابق ایس ایس پی رائو انوار کا نام بھی امریکی پابندی کا سامنا کرنے والے افراد کی فہرست میں شامل ہے۔
ان افراد کی امریکہ میں جائیدایں منجمد ہوں گی جبکہ امریکی شہریوں پر بھی ان افراد کے ساتھ لین دین کی پابندی ہو گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق ایس ایس پی رائو انوار امریکی پابندیوں کی زد میں آ گئے ہیں۔ امریکہ نے رائو انوار کا نام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام میں دنیا بھر سے اٹھارہ افراد پر امریکی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ فہرست میں شامل افراد کی امریکہ میں جائیدادیں منجمد ہو جائیں گی جبکہ امریکی شہریوں پر ان افراد کے ساتھ لین دین پر بھی پابندی ہو گی۔ امریکی محکمہ خزانہ ہر سال انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی فہرست جاری کرتا ہے حالیہ فہرست میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر میانمار کے سول اور ملٹری قیادت کے نام بھی شامل ہیں۔ سابق ایس ایس پی رائو انوار پر 190 جعلی پولیس مقابلوں میں لوگوں کو قتل کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر نقیب اللہ محسود کے قتل کا ذکر موجود ہے۔