اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)افغان دارالحکومت کابل ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے جہاز کور وکنے کا معاملہ حل ، اڑھائی گھنٹے گزرنے کے بعد اڑان بھرنے کی اجازت دیدی گئی ،نجی ٹی وی کے مطابق افغان حکام نے پاکستانی مسافر طیارے کو اڑھائی گھنٹے روکے رکھا جس میں 162 مسافر سوار تھے ، پی آئی اے کی پرواز کابل سے اسلام آباد آ رہی تھی کہ اسے بڑا رن وے استعمال کرنے سے روک دیا گیا اور چھوٹا رن وے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ۔
افغان حکام نے مسافروں کو طیارے سے اترنے سے بھی روک دیا جس کے باعث وہ محصور ہو کر رہ گئے ۔معاملہ سنجیدہ ہونے پر پاکستانی حکام نے ترکی کے شہر استنبول میں موجود افغان قیادت کے سامنے معاملہ اٹھایا جس کے بعد پی آئی اے کے طیارے کو اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی اور معاملہ حل ہوا۔واضح رہے کہ افغانستان کی مرکزی قیادت اس وقت ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس میں شرکت کیلئے استنبول میں موجود ہے جس میں شاہ محمود قریشی بھی شریک ہیں