اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کے عدالتی فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کو اپیل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نے سانحہ ساہیوال پر خصوصی عدالت کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔ اب اس کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کرنے سے متعلق بھی احکامات جاری کیے ہیں ۔
ایک ٹویٹ پیغام میں انہوں نے لکھا کہ بچوں کے سامنے دن دیہاڑے ان کے والدین کو گولیوں سے چھلنی کیا گیاکی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی ، حکومت ان معصوم بچوں کو انصاف دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی ۔ اگر ان کے خاندان سے اس کیس کا کوئی مدعی نہیں بنتا تو ریاست اس مقدمے کی مدعیت کرے گی ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ساہیوال کے مقدمے میں ملوث تمام افراد کو شک کی بنا پر بری کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔