اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کو ترک صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا اور پاکستان کی طرف سے ترکی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کی یقینی دہانی کرائی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے ترکی کے تحفظات کو مکمل طور پر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے اور عشروں تک 30 لاکھ سے زائد پناہ گزینوں کا بوجھ برداشت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکی جس
کے 40 ہزار شہری دہشت گردی کی نذرہوئے ہیں، کو درپیش خطرات اور چیلنجوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح ترکی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ ترکی کی شام کی صورتحال کے پر امن حل اور سلامتی و علاقائی استحکام کی کوششیں کامیاب ہوں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترک صدر رجب طیب اردوان کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے موقع پر گرم جوشی سے ان کا استقبال کے منتظر ہیں۔