اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ کے مظاہروں پر تو شہ سرخیاں جماتا ہے مگر کشمیر میں انسانی حقوق کے سنگین بحران سے نظریں ہی چرا لیتا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میں حیران ہوں کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ کے مظاہروں پر تو شہ سرخیاں جماتا ہے مگر کشمیر میں انسانی حقوق کے سنگین بحران سے نظریں ہی چرا لیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ کشمیر عالمی طور پرتسلیم شدہ
متنازع علاقہ ہے،بھارت نے9 لاکھ فوجیوں کے مدد سے 80 لاکھ کشمیریوں کو محصورکرکے جس پر غیرقانونی قبضے کی کوشش کی ہے۔انہوںنے کہاکہ دو ماہ سے زائد عرصے سے ذرائع ابلاغ کی مکمل تالہ بندی اور بچوں،سیاسی قائدین سمیت ہزاروں کو قید میں ڈال کر کشمیر میں انسانی المیے کا جنم ہورہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ 3 دہائیوں میں حق خودارادیت،جس کا سلامتی کونسل کی قرادادوں کیذریعے وعدہ کیا گیا تھا،کیلئے جدوجہد کرنے والے 1لاکھ کشمیری قتل کئے جاچکے ہیں۔