اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان چین پہنچ گئے ، ان کے ہمراہ وزیر ریلوے شیخ رشید ، وزیر پلاننگ خسرو بختیار، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود بھی ہیں ، وزیر اعظم سے چیئرمین چائنہ گزوبہ گروپ اور چینی ٹائر کمپنی کے سی ای او نے ملاقات کی ۔
چائنہ گزوبہ گروپ کارپوریشن کی جانب سے توانائی کے شعبے میں کاروبار میں دلچسپی کا اظہار کیاگیا،ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے جس ٹائر کمپنی کے سی ای او نے ملاقات کی اس کمپنی کا نام لانگ مارچ ہے ،دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین دونوں ممالک کے مابین دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط کرے گا، مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں پاکستان کے موقف کی تائید پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی پاک چین دوستی محبتوں کی آئینہ دار ہے، پاک چین دوستی کی اقوام عالم میں بھرپور گونج سنائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ چین معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں کرینگے، وزیراعظم مقبوضہ جموں کشمیر میں تشویشناک صورتحال پر چینی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے اور سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومتی تاریخی فیصلوں سے بھی آگاہ کریں گے۔