اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فضائی کمپنیوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے پر غور،ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق بھارت کے لیے پروازیں چلانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کے بھارتی اقدام کے بعد سرحدوں پر سخت کشیدگی ہے اور اس صورتحال میں بھارتی فضائیہ کسی بھی وقت پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرسکتی ہے جس کی نشاندہی کے لیے پاکستان کی فضائی
حدود بھارت سے آنے والے طیاروں کے لیے بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔ یاد رہے کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارتی فضائیہ نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور پاکستانی علاقے میں بمباری کی تھی جس کے بعد 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کو بھارت سے آنے والے اور بھارت جانے والے طیاروں کے لیے بند کردیا گیا تھا تاہم فضائی حدود کو دوبارہ سے 15 جولائی کو کھول دیا گیا تھا ۔