برمنگھم (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپ میں اسلام مخالف مہم شدت اختیار کر گئی، نیوزی لینڈ کے سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد اسلام فوبیا کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے برطانیہ میں شرپسندوں نے برمنگھم کی چار مساجد پر رات گئے حملہ کرکے شیشے توڑ دیے، برطانیہ میں مقیم مسلمانوں نے حکومت سے سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل نے غیر ملکی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ کے شہر برمنگھم میں رات گئے شرپسندوں نے مساجد پر حملے کیے، شرپسندوں نے حملے میں ہتھوڑوں
اور لاٹھیوں کا استعمال کیا لیکن اس واقعہ میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ برمنگھم پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے رات گئے وٹن روڈ اسلامک سنٹر پر دھاوا بول دیا اورکھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے، مسجد کے امام کا کہنا ہے کہ دروازوں اور سات کھڑکیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مساجد کی سکیورٹی سخت کرنے کا حکومت سے مطالبہ بھی کیا ہے، برمنگھم پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے اور ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے کی جا رہی ہے۔