کراچی ( آن لائن) منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقلی کیخلاف آصف زرداری اور فریال تالپور کی فوری حکم امتناع سے متعلق اپیلیں مسترد کر دی گئی ہیں، سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالت عظمیٰ نے کیس منتقلی کا حکم دیدیا اب کیا بچتا ہے۔
منگل کو منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقلی کیخلاف سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواستوں پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ درخواستگزاروں کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیس نیب ایکٹ کے زمرے میں نہیں آتا، بینکنگ کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، سپریم کورٹ نے صرف نیب 16 ریفرنسز اسلام آباد دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ نے فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ آپ کا کیس کیا ہے، سپریم کورٹ کا جو فیصلہ ہے اس پر آپ کیا کہیں گے، کیا آپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے ڈی جی نیب اور نیب پراسیکیورٹر سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔درخواست گزاروں کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عدالت نے نیب اور دیگر سے جواب مانگا ہے، 26 مارچ کو دوبارہ کیس کی سماعت ہوگی، امید ہے کہ ہماری درخواست پر جلد فیصلہ ہوگا۔