اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر آئی ٹی اورایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مہاجروں کو حقوق نہ ملے تو حکومت کو خیرباد کہہ دیں گے۔کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سوچا جائے پاکستان بنانے والوں کو مہاجر قومی موومنٹ کیوں بنانی پڑی؟ پیپلزپارٹی والے کہتے ہیں کہ سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے،ان کی نفرت اور سازش کی وجہ
سے سندھ پہلے ہی دوحصوں میں تقسیم ہے،مہاجروں کو حقوق نہ ملے تو حکومت کو خیرباد کہہ دینگے۔ایم کیوایم کے کنوینر کا کہنا تھا کہ الگ صوبے کا مطالبہ کیا تونام نہاد قوم پرستوں نے پوچھا کہ زمین کہاں ہے، کراچی چلتا ہے تو پورا ملک چلتا ہے۔واضح رہے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے وزیر اعظم کو ایک خط تحریر کیا تھا جس میں متحدہ رہنماؤں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔