اسلام آباد(آن لائن ) تحریک لبیک پاکستان کے فیض آباد دھرنے کی حمایت کرنے اور سپریم کورٹ کے فیصلے میں شامل آئی ایس آئی کی رپورٹ میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا نام آنے پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ان کا دفاع کرنے سے انکار کر دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ شیخ رشید ہمارے اتحادی ضرور ہیں تاہم ان کے اپنے نظریات ہیں۔فیض آباد دھرنا کیس میں وضاحت
پیش کرنے سے متعلق سوال پر شفقت محمود نے کہا کہ اگر شیخ رشید کے نظریات ہماری طرح کے ہوتے تو وہ پی ٹی آئی میں شامل ہو جاتے لیکن وہ ہمارے حلیف ہیں اور انتخابات میں ہم نے ان کی حمایت کی تھی۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید کو بہت سارے معاملات میں ہم سے اختلاف بھی ہیں اور وہ اس کا ٹی وی پر کھل کر اظہار بھی کرتے ہیں، وہ اپنی جماعت کے لیڈر ہیں، ان سے یہ سوال ضرور کیا جائے۔